عوام کو ریلیف دینے کیلئے بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے : وزیرِاعظم عمران خان

0
35

اسلام آباد,17 فروری (اے پی پی) :وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ گندم چینی و دیگر اشیاءضروریہ کے سٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالہ سے درست تخمینوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بنیادی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے پیشگی انتظامات کئے جا سکیں، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز پر فوری طور پر غور کریں تاکہ اس کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتوں کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ۔ اجلاس میں بنیادی اشیاءضروریہ مثلاً گندم، چینی، آلو، ٹماٹر، پیاز، گھی اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی لانے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالہ سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب اور خیرپختونخوا کی صوبائی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے تجاویز کا جائزہ لیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کےلئے سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف دینے کے حوالہ سے بنیادی اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video