پاکستان میں کبڈی ورلڈکپ کا انعقاد پاکستان کا پر امن ملک ہونے کا ثبوت ہے : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

0
68

لاہور،8 فروری ( اے پی پی ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ  کبڈی ورلڈ کپ کا پاکستان میں منعقد ہونا اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔ تمام ٹیموں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں  آنے والا یہاں کی مہمان نوازی کے بعد دوبارہ بھی آتا ہے۔

ان خیالات  کا اظہار  انہوں نے گورنر ہاؤس میں کبڈی ورلڈ کپ 2020 کی افتتاحی تقریب  کے موقع پر کیا  ۔ کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں شرکت کے لئے تمام بین الاقوامی ٹیمیں بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

اس موقع پر  صوبائی وزیر برائے کھیل  رائے تیمور  نے کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں آنے والے مہمانوں اور ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے  کہا کہ  پاکستان میں کبڈی کا روائتی کھیل پھر سے مقبول  ہو رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کو کھیلوں میں کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔ حکومت پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات کئے۔

تقریب میں  پاکستان کے تمام صوبوں کی روائتی و ثقافتی رنگا رنگ میوزیکل پرفارمنسز پیش کی گئیں،تقریب میں معروف گلوکار وارث بیگ نے بھی موسیقی کی پرفارمنس پیش کی۔

گورنر ہاؤس میں کبڈی ورلڈ کپ 2020 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کو آئی تمام بین الاقوامی ٹیموں کے لئے اعشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں پاکستان، بھارت، سیرالیون، امریکا، انگلینڈ، ایران ،کینیا، کیینڈا، آسٹریلیا اور آذربائیجان کی ٹیمیں شامل تھیں۔

تقریب میں  صوبائی وزیر راجہ بشارت، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی ۔

سورس : وی این ایس ، لاہور