پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن ) ذاتیات پر اتر آئی ہیں، دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ میں جو رویہ اختیار کیا وہ ٹھیک نہیں ہے: وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

0
32

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن ) ذاتیات پر اتر آئی ہیں، دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ میں جو رویہ اختیار کیا وہ ٹھیک نہیں ہے، گالیاں نکالنے سے ماحول خراب ہو گا، احتساب کے قانون میں کوئی سقم ہے تو ہم اس پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی کارکردگی مایوس کن ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے تیس چالیس سال حکومت کی ہے، پانچ سال کسی اور کو بھی برداشت کر لیں جو رویہ پارلیمنٹ میں اختیار کیاگیا ہے وہ مناسب نہیں ہے، گالیاں نکالنے سے ماحول خراب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لیڈران سمیت دیگر پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا کوئی انتظامی کنٹرول ہمارے پاس نہیں ہے، نیب میں چپڑاسی کی تعیناتی بھی ہمارے دور حکومت میں نہیں ہوئی، بلاول بھٹو اور اصف علی زرداری کیخلاف کیسز مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں بنائے گئے جن کی تحقیقات نیب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت نے اپوزیشن کیساتھ مل کر الیکشن کمیشن کا انتخاب احسن طریقے سے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرز پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات ہیں ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی آپس میں جھگڑ رہے ہیں، انہیں اپنے رویوں پرنظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے تیس چالیس سال حکومت کی ہے پانچ سال کسی اور کو برداشت کر لیں جو رویہ پارلیمنٹ میں اختیار کیاگیا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کل جامع تقریر کی،شاہد خاقان عباسی کی وجہ سے ایل این جی دوگنا مہنگی خرید رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے پندرہ سال کا معاہدہ کیوں کرکے گئے، کیا کسی کو زیب دیتا کہ وہ آنے والی حکومتوں کو بھی اپنے معاہدوں پر پابند کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی اس لئے مہنگی ہے کہ شہباز شریف نے آئی پی پیز کے مہنگے داموں پر معاہدے کیئے.انہوں نے کہا کہ معیشت پر اپوزیشن کی طرف سے ایک بھی سنجیدہ بات نہیں کی گئی، اپوزیشن کی پارلیمانی کارکردگی مایوس کن ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا جس طرح جا رہا ہے، اہم ہے کہ ہم اسکو ریگولیٹ کریں ،ایسے گروپس ہیں جو پیسے لے کر کسی کے خلاف ٹرینڈ چلاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی چینل یا اخبارات کے اشتہارات بند نہیں ہونے چاہئیں۔

 اےپی پی/ڈیسک/اسرار