دوحہ،29 فروری(اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہاں تک پہنچنے کیلئے ہمیں کوئی سالوں کی مسافت طے کرنا پڑی جس کے بعد آج ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے،افعان امن معاہدے سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج اس اہم موقع پر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں،خدا کا شکر ہے کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششیں بارور ثابت ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ آج سیکرٹری پومپیو سمیت پوری عالمی برادری افغان امن عمل میں پاکستان کے موثر، مثبت اور مصالحانہ کردار کو سراہا رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب اگلے مرحلے کی ذمہ داری افغانوں پر عائد ہوتی ہے انہیں آپس میں مل کرمذاکرات کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے شراکت دار ہیں ہم افغانستان کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں،ہم گزشتہ چالیس برس سے تیس لاکھ افغانیوں کی میزبانی کر رہے ہیں ہم نے افغان امن عمل میں بہت خلوص دل سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے۔
وزیر خارجہ نےمزید کہا کہافغانستان کی تعمیر و ترقی کیلئے افغان حکومت کو آگے بڑھنا ہوگا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد