اسلام آباد ، 18 فروری (اے پی پی ): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر ممبران پر مشتمل وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ، چیمبر آف کامرس کے صدر محمد احمد نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے اہم ملاقات کی جس میں میری ٹائم سیکٹر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز میں وفد کو اہم بریفنگ بھی دی گئی جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مقامی سطح پر دفاعی صنعت کو مزید بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔ امیرالبحر نے وفد کا نیول ہیڈ کوارٹر آنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے تاجر برادری کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ وفد کے سربراہ نے بحری تجارتی راہداریوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کی تعریف بھی کی۔
دورے کا مقصد تاجر برادری اور بحری شعبے کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
وی این ایس ،اسلام آباد