بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و جبر،مساجد وں پر انتہا پسندوں کے حملوں کیخلاف سکھر میں ریلی

113

سکھر، 27فروری(اے پی پی):بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و جبر،مساجدوں  پر انتہا پسندوں کی جانب سے حملوں، پر تشدد واقعات کے خلاف سکھر اسمال ٹریڈرز، سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں صرافہ بازار سے پر امن احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے  شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاءنے نامنظور نامنظور مسلمانوں پر بھارتی مظالم نامنطور، مسلمانوں پر مظالم پر اقوام متحدہ نوٹس لے، کے بلند شگاف نعرے لگائے۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدرحاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ انتہاپسند بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے، بھارت میں مسلمانوں کی مساجد، عبادت گاہوں پر حملوں سمیت مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ جا رہے ہیں، آج کشمیر سمیت بھارت میں جس طرح مسلمانوں پر ظلم و ستم ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے  کہا کہ  مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم، بھارتی فوج کی بربریت اور نہتے مسلمانوں کو ظلم و ستم کا شکار بنانا انسانی حقوق اور عالمی اصولوں کی بدترین خلاف ورزی ہے جس پر عالمی اداروں کی چشم پوشی ناصرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت ہے۔

 اس موقع پرعالم اسلام کی سربلندی مسلمانوں پر مظالم کے خاتمے کیلئے دعائیں  بھی کی گئیں۔

اے پی پی /اطہراللہ/نورین