اسلام آباد ، 15 فروری (اے پی پی ): وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
ہفتے کی شام اسلام آباد میں شیلٹر ہوم کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ ریاست مدینہ کی فلاحی سوچ کی عکاس وہ پناہ گناہ ہے جہاں 300سے زائد افراد بیک وقت رہائش پزیر ہو سکتے ہیں اور 2 ہزار کے قریب لوگ یہاں کھانا کھانے کی سہولت سے مستفید ہوتے ہیں۔ یہ اقدامات ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی مملکت میں تبدیل کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کا مظہر ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو ہمارے سیاسی نادان دوست ان پناہ گاہوں کا مزاق بناتے ہیں انہیں غریبوں کے دکھ درد کا احساس نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی غریب عوام کو ماضی میں مسائل، دکھ اور مشکلات سے دوچار کیا گیا لیکن آج وزیر اعظم عمران خان ان کے زخموں پر مرحم رکھنے کے لئے مصروف عمل ہیں ۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ غریب اور دیہاڑی دار افراد پہلے بھی فٹ پاتھ پر سوتے تھے لیکن کسی بھی سابقہ حکومت نے مستحق لوگوں کو پناہ اور خوراک فراہم کرنے کیلئے کوئی ایسی پالیسی نہیں بنائی ، یہاں مقیم افراد کو تحفظ ،شفقت اور سرپرستی کی ضرورت
ہے ۔انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم کے نامزد کردہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کے فوکل پرسن نسیم شاہ کی خدمات کو بھی سراہا۔
وی این ایس ، اسلا م آباد