پشاور،28 فروری(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے لائن ٹریفک بحال کرنے اور حادثات کی شرح میں کمی لانے کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈرائیوروں کو سڑک پر ہی اوور سپیڈنگ اور اوور ٹیکنگ کے نقصانات سے آگاہ کرنے کیلئے آگہی مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹر قائد کمال، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ڈی ایس پی ایجوکیشن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر پر ناکہ بندی کی ، لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی اور غلط طریقے سے اوورٹیک کرنیوالوں کو اس کے نقصانات بارے آگہی اور روڈ سیفٹی حوالے سے ضروری معلومات فراہم کیں جبکہ ڈرائیوروں کو آئندہ خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کرنے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔
ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے اس موقع پر گفتگو کے دوران کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنے اور آگاہی دینے کی خاطر مختلف مقامات اور اداروں میں تربیتی نشستوں کا اہتمام کرتی ہے جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانا ہے اور تربیتی نشستوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اے پی پی /صائمہ حیات/حامد











