صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ محمود خان

118

پشاور، 28 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں جلد احساس پروگرام کا آغاز کرنے جارہی ہے جبکہ اسی سال جون تک صوبے کے تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے،جس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ بنا ہوں وہ پورا کرکے دکھاوں گا۔

 پلوسئی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی کو گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ایک بدحال پاکستان ملا تھا اور ہماری قیادت نے بیرونی سطح پر ملک کی مثبت تصویر کشی پیش کرکے خارجہ پالیسی بہتر بنائی جبکہ معاشی استحکام کیلئے وقتی طور پر سخت فیصلے کئے تاہم ملک ترقی کی طرف گامزن ہے اور ملک کی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں بہتر کارکردگی اور عوام دوست پالیسیوں کے بدولت خیبرپختونخوا میں مسلسل دوسری بار اقتدار ملنا تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت جو بھی ترقیاتی کام کرے گی وہ پوری دنیا دیکھیں گی جبکہ پچھلے دورے حکومتوں میں حکمرانوں نے عوام کیساتھ دھوکے کے سواءکچھ نہیں کیا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ  مصنوعی اور وقتی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ، عوام نے گھبرانا نہیں سخت وقت گزرنے والا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تقریباً پانچ سے چھ ماہ میں یہ سخت حالات ختم ہو جائیں گے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/حامد