قبائلی ضلع درہ آدم خیل میں پولیس سٹیشن کا افتتاح کردیا گیا

260

پشاور، 27فروری(اے پی پی): قبائلی ضلع درہ آدم خیل میں  پولیس سٹیشن کا افتتاح کردیا گیا ،، کمشنر کوہاٹ ڈویژن  سید عبدالجبار شاہ، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، بریگیڈ کمانڈر 117 بریگیڈ بریگیڈئیر شہزاد نے قبائلی ضلع درہ آدم خیل کے مشران کیساتھ ملکر پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوہاٹ،ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پولیس و سیکیورٹی فورسز اور عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت امن و خوشحالی کا دور لوٹ آیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور قبائلی عوام نے فرسٹ لائن ڈیفنس کے طور پر کردار ادا کرکے حب الوطنی کی مثال قائم کی اور وطن عزیز کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دیا، اسلئے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب ملکر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں اور بد امنی کے مرتکب ملک دشمن عناصر کے مزموم عزائم ناکام بنائیں۔

تقریب میں مقامی لوگوں کیلئے انکی دہلیز پر  ڈرائیونگ لائسنس، پولیس کلئیرنس اور کیریکٹر سرٹیفیکیٹ کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا اور مقامی روایات کو ملحوظ خاطر رکھ کر علاقے میں پولیسنگ کا نظام رائج کرنے کا عزم دہرایا گیا۔ اسکے ساتھ ساتھ  مقامی لوگوں کو باور کرایا گیا کہ پولیس عوام کی عزت نفس اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو مقدم رکھتے ہوئے فرائض منصبی ادا کرتی رہے گی۔

اے پی پی /صائمہ حیات/حامد