معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے وائس چانسلر کوئینٹن میکلر سے گفتگو

134

اسلام آباد ، 6 فروری (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم ہے، وزیراعظم عمران خان تعلیم کے اہم شعبہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، یہ شعبہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ ہے، ملک میں شرح خواندگی کو فروغ دینے کیلئے تعلیم کے شعبہ میں سرکاری اور نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے وائس چانسلر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کوئینٹن میکلر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم ہے، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے کیونکہ تعلیم ہی انسانی خوشحالی اور قومی ترقی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تعلیم کے اہم شعبہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، یہ شعبہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بین الاقوامی معیار کی تعلیم دینا انتہائی اہم ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر برطانیہ اور ملینئیم یونیورسل کالج اسلام آباد کے درمیان تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے۔ انہوں نے ملینئیم یونیورسل کالج کے پاکستان میں طلباءکو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے بطور ٹرینڈ سَیٹر کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک میں شرح خواندگی کو فروغ دینے کیلئے تعلیم کے شعبہ میں سرکاری اور نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔ اس موقع پر کوئینٹین میکلر نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی پاکستانی طلباءکو تعلیم دینے کی ایک تاریخ رکھتی ہے اور ملینئیم یونیورسل کالج اسلام آباد کے ساتھ شراکت داری سے تعلیم کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اگلے تین سالوں کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے ذریعے اس شراکت داری کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی سالانہ 26 ہزار طلباءو طالبات کو بزنس اور کمپیوٹنگ کی ڈگریاں پیش کرتی ہے، یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر سرکاری شعبہ کی یونیورسٹی ہے جسے تدریس میں مہارت کے فریم ورک میں گولڈ سٹیٹس کا درجہ حاصل ہے جبکہ برطانیہ میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباءکے روزگار کے حصول کی شرح 97 فیصد ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کوئینٹن میکلر کے دورہ سے ملک میں تعلیم کے شعبہ کی ترقی کیلئے ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ روٹس ملینئیم ایجوکیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری فیصل مشتاق نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو اپنے تعلیمی ادارے کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے ادا کئے جانے والے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد