مقبوضہ کشمیر میں صرف انسان ہی نہیں قلم کو بھی قید کیا گیا ہے: ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

146

اسلام آباد، 5 فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر بھارتی جعلی سیکولرازم کا پردہ فاش کر دیا، مقبوضہ کشمیر میں صرف انسان ہی نہیں قلم کو بھی قید کیا گیا ہے،سوچ اور جذبوں کو قید نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ظلم اور جبر سے آزادی کی تحریک کو نہیں کچلا جا سکتا، اقوام متحدہ کو پیش کی گئی یادداشت میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے،کشمیر سے ہماری بقاءجڑی ہے اور ہم کشمیریوں کے حقوق کی جنگ ہمیشہ لڑتے رہیں گے، پاکستان کی صحافتی برادری کشمیر کے مقید صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک کے شہرشہر نگر نگر میں قوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے وہاں پر ملک کے صحافی بھی کسی سے پیچھے نہیں اور آج نیشنل پریس کلب میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب منعقد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جہاں پر انسانوں کو قید کیا گیا ہے وہاں قلم کو بھی قید کیا گیا ہے اور قلم کی طاقت کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ بھارت چاہتا ہے کہ آزاد لکھاری دنیا کو بھارت کے ظلم و جبر اور دہشتگردی سے آگاہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی رائے انسان کا بنیادی حق ہے مگر یہ حق کشمیر میں سسکیاں لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے وجود کا حصہ ہے اور ہم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت ظلم و جبر سے تحریک آزادی کو کچل نہیں سکتا اس نے 80لاکھ کشمیریوں کو دنیا کی بڑی جیل میں قید کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر کشمیری اپنی مذہبی، قانونی اور آئینی آزادی کے لئے آواز اٹھا رہا ہے اور وہاں مائیں، بہنیں اور نوجوان گولیاں کھا کر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت دنیا کی ڈارلنگ ہوا کرتا تھا اور وہ یہ دعویٰ کرتا تھا کہ ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں مگر وزیراعظم عمران خان کی موثر سفارت کاری کی وجہ سے آج بھارت کا ڈارلنگ کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور عمران خان نے دنیا کو بھارت کی اصل تصویر دکھائی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر، ترجمان اور وکیل بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کرتے رہیں گے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ آج پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندوں اور مبصرین کو بچوں نے یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری بچوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور انہیں سکولوں میں جانے کا حق دیا جائے جبکہ دوسری یادداشت دختران پاکستان نے پیش کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد

video