موثر قانون سازی اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

136

اسلام آباد،27فروری (اے پی پی): ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے تعلیم، صحت اور اقتصادی نظام کی بہتری کے لئے قانون سازی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑی تعداد خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے، تمام پارلیمنٹیرینز کو اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرناچاہیے، موثر قانون سازی اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

جمعرات کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں پارلیمانی نظام کار اور انتخابی حلقوں سے وابستگی کے موضوع پر ہونے والی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ورکشاپ کا اہتمام اچھی کاوش ہے۔ کمبوڈیا اور ترکی سمیت تمام غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ورکشاپ کے دیگر شرکاءکو بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کے پارلیمنٹیرینز اور دیگر ممالک کے پارلیمنٹیرینز کو اس ورکشاپ کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا اور انہیں عوامی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی کے حوالے سے آگہی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم عوامی فلاح پر یقین رکھتے ہیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان میں پینے کے صاف پانی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی وقت کااہم تقاضا ہے۔ ہمارے ملک میں عوام کی بڑی تعداد خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے۔ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ اس صورتحال کا ادراک کرے اور اس کی بہتری کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پپس اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اے پی پی/صائمہ/نورین