نجی شعبہ کا پناہ گاہوں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دینا ہمارے معاشرے کی مثبت اقدار اور انسانی ہمدردی کے جذبہ کی عکاسی ہے:وزیر اعظم

140

اسلام آباد ، 7فروری(اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کرنے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے حال ہی میں مقرر کئے گئے وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہیں نسیم الرحمن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے وژن کے تحت ملک بھر میں قائم شدہ پناہ گاہوں کے نظم و نسق میں مزید بہتری اور آئندہ 12 ماہ میں پناہ گاہوں کے دائرہ کار کی ملک بھر میں توسیع کے حوالہ سے مجوزہ اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے کمزور طبقات کے تحفظ کےلئے اور ایک فلاحی ریاست کے قیام کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پناہ گاہوں کے دائرہ کار کی ملک بھر میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ 12 ماہ کےلئے پناہ گاہوں کے حوالہ سے ایک جامع پروگرام کا آغاز ملک کے بڑے شہروں میں کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں عالمی سطح پر بہترین طریقہ کار اور پائیدار ترقی کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے پناہ گاہوں کو وسعت دی جائے گی۔ فوکل پرسن کا دفتر غیر سرکاری تنظیموں، سی بی اوز ( کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز)، نجی شعبہ اور مخیر حضرات کے اشتراک سے کثیرا لجہتی شراکت داری قائم کرنے کے حوالہ سے بھی اقدامات کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کی جانب سے پناہ گاہوں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دینا ہمارے معاشرے کی مثبت اقدار اور انسانی ہمدردی کے جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔

سورس:وی این ایس اسلام آباد