وزیر اعظم عمران خان سے روٹری انٹرنیشنل کے اعلی سطح کے وفد کی ملاقات

168

مظفر آباد، 05 فروری(اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان سے روٹری انٹرنیشنل کے اعلی سطح کے وفد  نے   بدھ کو یہاں ملاقات کی ،وفد کی قیادت صدر روٹری انٹرنیشنل ہولگر نیئک (Holger Knaack)  کر  رہے تھے،معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں   ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

معاون خصوصی برائے ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو کے خلاف جاری حالیہ مہم میں ایک لاکھ سے زائد سیکورٹی اہلکار اور ڈھائی لاکھ پولیو ورکرز نے خدمات سرانجام دیں اور پانچ سال سے کم چار کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی۔

روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا

وزیر اعظم عمران خان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر پوری قوم اور ہر طبقے میں اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل برؤے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں پر آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں پولیو وائرس کی ترسیل کو روکنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔

وزیر اعظم نے پولیو کے خلاف حکومت پاکستان کی معاونت کرنے والی تمام بین الاقوامی تنظیموں اور خصوصا روٹری انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیو کے خلاف کام کرنے والے ہر تنظیم کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے کام میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

سورس: وی  این ایس،  اسلام آباد

video