لاہور،29 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے روہڑی حادثے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ریلوے ٹریک پر پھاٹک بنانا صوبائی حکومتوں کا کام ہے، ڈرائیور بس فلائی اوور سے لے کر نہیں گیا جس کے باعث حادثہ ہوا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ دس مئی کو ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے۔ ایم ایل ون منصوبہ شروع ہوگیا تو ریلوے ٹریک کے دونوں طرف باڑ لگ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے پانچ سال میں ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کی تعریف کی یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔
بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، دنیا بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے بارڈر بند ہونے کے باعث 4 ٹرینیں بند کی گئی۔
وی این ایس، لاہور