اسلام آباد6، فروری (اے پی پی) : بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں نے جمعرات کو ایوان صدر کا دورہ کیا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیاصدر مملکت نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے پر بنگلہ دیش کی حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور یہاں شائقین کرکٹ کو کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، امید ہے دونوں ٹیمیں عمدہ کھیل پیش کریں گی۔ صدر مملکت نے پاکستان ایک خوبصورت اور مہمان نواز ملک ہے اور امید ہے کہ مہمان ٹیم کا دورہ خوشگوار رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ کرکٹ کے کھیل کے مداح ہیں، پاکستان میں کرکٹرز کو ہیرو کا درجہ دیا جاتا ہے، یہاں مقامی سطح پر کرکٹ کے فروغ پر کام ہو رہا ہے، پی ایس ایل کی طرح ہاکی اور کبڈی کی لیگ پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر بین الصوبائی رابطہ کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی موجود تھے۔
اے پی پی /نیوز ڈیسک /ریحانہ