پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں ،وائرس سے بچنے کیلئے میڈیا عوام میں احتیاطی تدابیر اجاگر کرے گا:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

265

اسلام آباد ، 29 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی امن کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے، امن کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ جیت گیا،کرونا وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں ،وائرس سے بچنے کیلئے میڈیا عوام میں احتیاطی تدابیر اجاگر کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ ہم نے کرونا وائر س سے ڈرنا نہیں، اس کے خلاف لڑنا ہے،صوبائی حکومتوں سے کرونا وائرس کیلئے انتظامات کی رپورٹ لی گئی ہے،عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کیلئے ٹیم بن کر کام کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا ہے کہ وزارت صحت کرونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،کرونا وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔اپوزیشن ایسے ایشوز پر سیاست کرنے سے گریز کرے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں ، وائرس سے بچنے کیلئے میڈیا عوام میں احتیاطی تدابیر اجاگر کرے گا،میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار انتہائی ضروری ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ امن کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ جیت گیا،پاکستان نے عالمی امن کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے ہفتہ کو یہاں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں ، چیف سیکرٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس تین گھنٹے جاری رہا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیس کی رپورٹ ملی ہے،ایک کیس سندھ اور ایک وفاق میں رپورٹ ہوا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پہلے رپورٹ ہونے والے دونوں مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران جانے والے زائرین کی واپسی شروع ہو گئی ہے،ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے منقطع ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے ہسپتال مختص کر رہے ہیں ،ہر کسی کو ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے،کرونا وائرس کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

معاون خصوصی نے کہا ہے کہ کوئی بھی کیس رپورٹ کرنے کے لیے 1166پر مطلع کریں،نزلہ ، زکام ہونے کی صورت میں ہجوم میں جانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تین فریقین کی کمیٹی بنائی گئی ہے،کمیٹی میں وزارت صحت، وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کے نمائندے شامل ہونگے ۔

سورس: وی  این ایس،  اسلام آباد