کرونا وائرس قومی بحران ہے جس سےنمٹنے کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے: صدر مملکت عارف علوی

138

پشاور، 28فروری(اے پی پی): صدر  مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا  ہے  کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے جس سے نمٹنے  کیلئے ہم تمام وسائل استعمال کرینگے۔

جمعہ کے روز پشاور میں گیسٹرولوجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ51 سے زائد ممالک میں کرونا وائرس پھیل چکا ہے اسلئے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے تیار ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  اگر ماسک مہنگے ہو گئے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ٹشو پیپر سے ماسک بنانے کی وڈیو ٹویٹر پر ڈالی ہے،بہادر قومیں بحرانوں کا بہادری سے مقابلہ کرتی ہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے کافی مسائل ہیں، ہیپاٹائٹس پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ملک کی نو فیصد آبادی ہیپاٹائٹس کا شکار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس کو ختم کرنے کیلئے تین بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/حامد