کشمیروں سے اظہار یکجہتی  کیلئے  جدہ  میں  تین روزہ تقریبات کا اہتمام

280

جدہ،06 فروری (اے  پی پی ):کشمیروں سے اظہار یکجہتی  کیلئے  دنیا بھر  کی طرح   جدہ میں پاکستان قونصلیٹ اور کمیونٹی کی جانب سے تین روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ، مرکزی تقریب  پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کی رہائشگاہ پر منعقد ہوئی جس میں پاکستان کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب کے مہمان خصوصی سابق سفارتکار ڈاکٹر علی الغامدی تھے۔

 ڈاکٹر علی الغامدی نے تقریب  سے   خطاب میں کہا کہ مقبوضہ  کشمیر کے مسلمان مشکل دور سے گزر رہے ہیں کشمیری مسلمانوں کے لئے آواز اٹھانا تمام مسلم ممالک کا اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی فرض ہے۔ انہوں نے پروگرام میں اسکول کے بچوں کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ کشمیری جدوجہد کے پیغام کو  نوجوان نسل کو پہنچانے کی ضرورت ہے۔

قونصل جنرل  خالد مجید نے تقریب میں   گزشتہ سال 5 اگست کے ہندوستان کی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود ، ہندوستان آزادی پسند کشمیری عوام کے ناقابل بیان جذبے کو کم نہیں کرسکا ہے۔

قونصل جنرل  نے تقریب میں  ہندوستان کی ناقابل قبول کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے حکومت پاکستان  کی جانب  سے  مختلف بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر  بھی کیا۔ انہوں نے کمیونٹی سے  انفرادی اور اجتماعی طور پر اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی ۔

اس موقع پر کشمیری نمائندہ غلام نبی میر نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں مجموعی ، منظم اور ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طور پر بند کرے ۔

تقریب سے خطاب میں  او آئی سی میں پاکستان  کے  مستقل نمائندہ   رضوان سعید  شیخ  نے   پاکستان  کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ  مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں ان کی جائز جدوجہد کے لئے جاری سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مددجاری رکھے گا، جس کا  اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے ذریعہ ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اسلام تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا، جنھوں نے ہر مشکل مرحلے میں کشمیریوں کے لئے کلمہ حق بلند کیا۔

تقریب سے  چیئرمین کشمیر کمیٹی  مسعود پوری اور چیئرمین جموں کشمیر اوور سیز کمیٹی سردار اشفاق  نے بھی  خطاب کیا۔

اس موقع پر پاکستانی اسکول کے طلباء نے کشمیر کے موضوع پر تقریری مقابلہ ہوا ۔

وی این ایس،جدہ

Download Video