کشمیر کے معاملہ میں اقوام متحدہ ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے: انتونیو گوتریس

141

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملہ میں اقوام متحدہ ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے یہ  مسئلہ ہمارے لئے باعث تشویش ہے-

پیر کو پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹیوں کے سربراہان اور ارکان پارلیمنٹ سے بات چیت کرتے  ہوے انہوں نے کہا   کہ   دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

 پارلیمنٹیرینز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے وزارت خارجہ میں مشترکہ ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے معزز مہمان سے سینٹ خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سیّد، سیّد فخر امام اور قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین احسان اﷲ ٹوانہ اور باقی اراکین کا تعارف کرایا۔ ملاقات کرنے والوں میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل تھے۔

 اراکین پارلیمان نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر و استبداد پر اپنے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019ءسے مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے، ان کے بنیادی حقوق سلب ہیں۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کےلئے اقوام متحدہ امید کی کرن ہے، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبرواستبداد کے شکار عوام کے حقوق کی فراہمی کےلئے اپنے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کا خطہ میں امن و سلامتی کےلئے کردار ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل میں حمایت پر اراکین پارلیمان نے یو این سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ جنگی جنون کے موجودہ ماحول میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہو سکتے، بھارتی جنگی جنون کی درپیش صورتحال میں تنازعہ کے حل میں اقوام متحدہ کی قیادت کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے۔ اراکین نے کہا کہ جموںو کشمیر میں بھارت کی جانب سے کئے جانے والے یکطرفہ اقدامات قبول نہیں۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اراکین پارلیمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار پاکستان آ چکا ہوں، حالیہ دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مدد کر رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہمارے لئے بہت زیادہ تشویش کا باعث ہے، تنازعہ کشمیر کے ضمن میں اقوام متحدہ ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انتونیو گوتیرس نے کہا کہ سفارتکاری اور مذاکرات تنازعات کے حل میں اہم ہیں، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video