وزیر اعظم نے پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر مںا قائم 50 بستر کے کورونا وائرس آئسوڈلشنف سنٹر کا دورہ

0
33

اسلام آباد ، 26 مارچ (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاو اور علاج کے لیے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے جمعرات کو یہاں پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر متعدی امراض کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 40 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا، 252 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کرے گی جبکہ اس میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت متعدی امراض سے بچاو، تشخیص اور علاج سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ہسپتال میں مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاکس مختص ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 50 بستروں پر مشتمل کورونا آئسولیشن سنٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاوکے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اے پی پی /نیوز ڈیسک /ریحانہ