وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ہسپانوی منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

0
31

اسلام آباد،24 مارچ (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ہسپانوی وزیر خارجہ أرانتشا غونثاليث لايا  سے ٹیلیفونک رابطہ ،کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے باعث سپین میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے اس وبا پر قابو پانے کیلئے سپین کی حکومت  کی طرف سے کیے گئے بروقت اقدامات اور اس چیلنج کا عزم و ہمت سے مقابلہ کرنے والے  سپین کے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سپین میں مقیم ایک لاکھ کے قریب پاکستانی کمیونٹی، مشکل کی اس گھڑی میں ہسپانوی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو اس عالمی وبائی مرض کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ سے اسی لاکھ کشمیری، مسلسل کرفیو کی صورت میں بھارتی استبداد کا سامنا کر رہے ہیں – وہاں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے  عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے موجودہ عالمی وبا کے تناظر میں ایران پر عائد پابندیوں کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں کرونا وبا کے شکار ہزاروں افراد کی زندگیوں کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ معاشی پابندیوں کو اٹھایا جائے تاکہ ایران اپنے وسائل کو اس وبا کے تدارک کیلئے بروئے کار لا سکے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کرونا عالمی وبا کے پھوٹنے سے، ترقی پزیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے ،برآمدات اور زر مبادلہ میں کمی ان مشکلات میں مزید اضافےکا باعث بن رہی ہے اسی لئے وزیر اعظم عمران خان نے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے محدود وسائل کو اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے استعمال میں لا سکیں۔

ہسپانوی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وبائی چیلنج کی موجودگی میں ہمیں ترقی پذیر ممالک کی معاشی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم ان ممالک کو معاشی سہولت فراہم کرنے کیلئے معاملہ جی 20 اجلاس میں اٹھائیں گے۔انہوں نے مزید نے کہا کہ ایران سے پابندیاں ہٹانے کا معاملہ آج یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں زیر بحث آیا اور آئی ایم ایف کے سامنے معاملہ اٹھانے کی تجویز زیر غور ہے

دونوں وزرائے خارجہ نے  اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔

اے پی پی /حمزہ /قرۃالعین