وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں قائم “ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل” کا اجلاس

0
32

اسلام آباد ،26مارچ (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں قائم “ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل” کا اجلاس  ہوا ۔

 اجلاس  میں عالمی وبائی چیلنج کے پیش نظر، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے مختلف پہلوؤں پر غوروخوض کیا گیا اوردنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ،کرایسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی پاکستانی کمیونٹی کی  شکایات  مشکلات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیاسعودی عرب اور ایران میں موجود زائرین کی مرحلہ وار جلد واپسی کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی، مختلف ممالک میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لانے کے آپشن کو بھی زیر غور لایا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا  تھا کہ   بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستانی سفارت خانے، آگے بڑھ کر جذبہ حب الوطنی کے تحت اس کٹھن گھڑی میں پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کر رہے ہیں ۔

وزیر خارجہ نے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔

 اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری معظم علی خان، ترجمان وزارت خارجہ مس عائشہ فاروقی اور وزارت خارجہ کے سینیئر حکام  نے بھی شرکت  کی ۔

اے پی پی /حمزہ /ریحانہ