احتساب عدالت سکھرمیں نیب کی زیر حراست سید خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت

129

 سکھر، 9مارچ(اے پی پی): احتساب عدالت سکھرمیں نیب کی زیر حراست خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت، خورشید شاہ کو ایمبولینس میں اسپتال سے عدالت لایا گیا، عدالت کے باہر پیپلزپارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی، عدالت نے آئندہ سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی، سید خورشید احمد شاہ ،ان کے دوبیٹوں ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ، داماد صوبائی وزیر سید اویس شاہ اور دو بیگمات سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی ۔

سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو جو کہ سکھر کی این آئی سی وی ڈی اسپتال میں زیر علاج ہیں کو ایمبولینس کے ذریعےاسپتال سے عدالت لایا گیا جہاں پر موجود کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ سماعت کے موقع پر خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ، داماد صوبائی وزیر اویس شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت کے دوران خورشید شاہ اور دیگر ملزمان کے وکلاءاور نیب پراسیکیوٹر کے مختصر دلائل کے بعد ریفرنس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی تاہم آج کی سماعت پر بھی ریفرنس کے ملزم جنید قادر شاہ کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے استفسار کیا تو ان کے وکیل نے بتایا کہ جنید شاہ ملک سے باہر ہیں اور کرونا وائرس کی وجہ سے ان کی فلائیٹ کینسل ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکے ہیں جس پر عدالت نے حکم دیا کہ انہیں آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

وی این ایس، سکھر