لاہور 19،مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے آج محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے کمیٹی روم میں کر ونا وائرس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکر ٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈائریکٹر جنرل اوقاف سید طاہر رضا بخاری و دیگر افسران کے علاوہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر تمام علمائے کرام نے حکومتی اقدامات کی تائید کی ہے۔اسلام نے پاکیزگی اور طہارت کو نصف ایمان کا درجہ دیا ہوا ہے۔جس کی تائید آج غیر مسلم اقوام بھی کر رہی ہیں۔ میڈیا نے بروقت آگا ہی دے کر قوم پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس اور نمازباجماعت ومساجد کے بارے میں احتیاط کی جائز اور ناجائز حدود کے حوالے سے قرآن و حدیث کی روشنی میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کے لیے مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنا ٹھیک نہیں کیونکہ اس وبا سے دیگر افراد کا بھی فوری متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ رسول اللہﷺ کا فرمان ہے کہ جس مسلمان نے پیاز کھایا ہو وہ ہماری مسجد کے قریب نہ آئے اوپیاز کی بدبو سے اذیت نہ پہنچائے۔اس حدیث کے مطابق پیاز کی بدبو کی وجہ سے مسجد میں آنامنع ہے جب تک منہ سے بدبوختم نہ ہو۔اس لیے جو لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، یا ان میں متاثر ہونے کی علامات پائی جارہی ہیں انھیں مساجد میں آنے سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ وائرس کو پھیلانے کا نقصان بہرصورت پیازکی بدبو سے کہیں بڑھ کر ہے۔ تو ایسے شخص کے لیے باجماعت نماز ادا کرنے اور جمعہ میں حاضری سے رخصت ہے۔حکومت اور بالخصوس محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ حکومتی ہدایات کے مطابق ان دنوں میں عوامی اجتماعات، محافل، کانفرنسز سے احتیاط کریں۔ کیونکہ یہ سب نفلی کام ہیں ان کو عارضی طور پر روکنے میں کوئی حرج نہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق عوام میں آگاہی کے حوالے سے میڈیاانتہائی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ حکومت کوروناوائرس سے بچاوکیلئے تمام ترفیصلے عوام کے مفادمیں اٹھارہی ہے۔ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کئے -حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے5ارب روپے کے خصوصی فنڈز کاقیام عمل میں لایا گیا ہے -ا نہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کے لئے قا ئم ہسپتال میں ڈاکٹر او رطبی عملہ دن رات ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔
وی این ایس لاہور