جسٹس محمد قاسم خان نے بطور 50 ویں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عہدے کا حلف لے لیا گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا

155

لاہور، مارچ 19(اے پی پی): چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے اپنے عہدے کا حلف لے لیا. گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا. جسٹس محمد قاسم خان لاہور ہائی کورٹ کے پچاسویں چیف جسٹس ہیں. حلف برداری کی سادہ و پر وقار تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار نے خصوصی شرکت کی. جبکہ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس شہزاد احمد، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی سمیت دیگر فاضل ججز، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان اشتیاق اے خان، قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ بہادر علی خان، سابق رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اشترعباس، آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر، سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ، سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ ڈاکٹر عبدالناصر، سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اقبال حمید الرحمن، سیکرٹری قانون پنجاب نذیر احمد گجانہ، ممبران پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون سمیت ؤکلاء کے علاوہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عزیز اقارب اور صوبائی و وفاقی لاء افسران، جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ کے افسران بھی موجود تھے. چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے چیف جسٹس محمد قاسم خان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھا. حلف برداری تقریب کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کےلئے متعدد احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں. تقریب میں شرکاء کو مکمل سکریننگ اور ہینڈ سینیٹائزنگ کے بعد داخل ہونے دیا گیا. جبکہ شرکاء کو ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی. حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس محمد قاسم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا. رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ بہادر علی خان نے فاضل چیف جسٹس کا استقبال کیا اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے فاضل چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

وی این ایس  لاہور