حکومتی ادارے سپلائی چین مینجمنٹ کو مزید مضبوط و فعال بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے: مشیراطلاعات اجمل خان وزیر

150

اسلام آباد،06 مارچ(اے پی پی ):صوبائی مشیراطلاعات خیبر پختونخوا  اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے سپلائی چین کے انتظام کو مزید مضبوط و فعال بنانے کی غرض سے محکمے کے سو اہلکاروں نے سپلائی چین مینجمنٹ کی خصوصی تربیت مکمل کرلی ہے۔ اس مقصد کیلئے نیوٹریشن انٹرنیشنل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ان کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اجمل وزیر نے پشاور میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ سپلائی چین مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ میں اس پروگرام کے توسط سے نیوٹریشن انٹرنیشنل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے باقی صوبوں سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ میں عوام کی صحت بہتر بنانے کے لیے مختلف پروگرامز شروع کیے ہوئے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ انکی یہ سپورٹ آگے بھی اسی طرح جاری رہے گی۔

 انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل ، رائٹ سٹارٹ پروگرام کے تحت یو ایس ایڈ کے توسط سے چلایا جارہا ہے جس میں رائٹ سٹارٹ اقدام کے تحت 275,000 حاملہ خواتین کو فولاد کی سپلیمنٹس مہیا کی جائینگی جبکہ 298,000 نومولود بچوں کو عالمی ادارہ صحت کے مقررہ معیار کے مطابق پیدائشی پیکج دیا جائے گا اسی طرح 23 ماہ تک کے عمر کے بچوں کو شیرخوار بچوں کو درکار خدمات فراہم کی جائینگی۔

اس پروجیکٹ کے تحت تینوں صوبوں میں سات اضلاع کو مخصوص کیا گیا ہے جن میں پختونخوا کے صوابی، مردان اور نوشہرہ اضلاع شامل ہیں۔

ان سو تربیت یافتہ اہلکاروں میں ضلعی صحت دفاتراور ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے سٹورکیپر سمیت لاجسٹک اسسٹنٹس اور پروکیورمنٹ عمل میں شامل دیگر اہلکار شامل ہیں۔

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور وزیراعلی خود کورونا وائرس کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو مانیٹر کررہے ہیں لیکن الحمداللہ خیبرپختونخوا میں ابھی تک کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا۔ تمام سات کے سات بارڈرز پر سکینرز و دیگر آلات نصب ہیں جبکہ پشاور میں پولیس ہستال اور دیگر اضلاع میں آئسولیشن وارڈ قائم کردیے گئے ہیں۔

سورس:وی این ایس،اسلام آباد