اسلام آباد ،30 مارچ (پی پی):وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان موجودہ حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ حکومت ،ملک و قوم کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
پیر کو جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس وباءپر اپنی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ان سے پوچھا جا سکتا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں میں کتنے ہسپتال بنوائے اور ہیلتھ سیکٹر کے لیے کیا کام کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ان باتوں سے بالا تر ہو کر ایک قوم بننے کا ہے ،ہمیں کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پر سیاست کے بجائے ملک و قوم کو بچانے کے لئے سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ تمام صوبے اس وباءسے نمٹنے کے لئے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمیں من حیث القوم اپنے ملک اور اپنے لوگوں کو بچانا ہے اس کے لئے ہمیں حکومتی سطح پر اٹھا ئے گئے اقدامات کی تائید کرتے ہوئے تمام تر حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے ڈاکڑ ،پیرا میڈیکل سٹاف، سیکورٹی فورسز سمیت علما ءاکرام بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ہم سب کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اے پی پی /ضیا الرتضی/قرۃالعین