سعودی نائب وزئر دفاع کی آرمی چیف سے ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو۔

128

اسلام  آباد 2 مارچ (اے پی پی )؛ سعودی نائب وزئر دفاع خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے ، آج جی ایچ کیو راولپندی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور ، ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں  دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں اطراف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات اور اخوت کے گہرے جذبے کی عمدہ تاریخ کا اشتراک رکھتے ہیں جو پائیدار شراکتداری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور دوطرفہ تربیتی تعاون کے ذریعے رائل سعودی مسلح افواج کی تربیت کے لئے فراہم کردہ امداد کا شکریہ ادا کیا۔  شہزادہ خالد بن سلمان نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں میں مکمل تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں ، علاقائی امن و استحکام کے لئے قربانیوں کو تسلیم کرنے پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے ساتھ ایک اعلی سطحی وفد بھی تھا جس میں جنرل فیاض بن حامد چیف آف جنرل اسٹاف اور سعودی وزیر دفاع کے مشیر براۓ عسکری امور میجر جنرل (انجینئر) طلال عبد اللہ العتیبی بھی شامل تھے۔  قبل ازیں ، جی ایچ کیو پہنچنے پر نائب وزیر دفاع کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ؤی این ایس