سول ڈیفنس کاعالمی دن ، موٹر وے پولیس اور شہری دفاع کی جانب سے روڈ سیفٹی بارے  آگاہی  پمفلیٹ تقسیم

208

سکھر،01مارچ(اے پی پی ): آئی جی موٹر وے ڈاکٹر کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی موٹر وے سکھر غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی نیشنل ہائی وئے کرم آباد کے مقام پر سول ڈیفنس کے عالمی دن کے موقع پر موٹر وے پولیس اور شہری دفاع کے عہدیداروں نے دہشتگردی و قدرتی آفات سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی کے بارے میں آنے جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں میں پمفلیٹ تقسیم کرکے آگاہی دی۔

 آگاہی مہم  میں  ڈ ائریکٹر ہیلتھ سکھر ریجن ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور آنے جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں میں شہری دفاع اور روڈ سیفٹی سے متعلق پمفلیٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔

ڈاکٹر سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر کرونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔شہری دفاع روہڑی کے سینئر پوسٹ وارڈن نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر لوگوں میں شہری دفاع اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کے ساتھ قومی شاہراہ پر شہری دفاع سے متعلق آگاہی فراہم کرنے سے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ دہشتگردی کے واقعات اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے شعور اجاگر کیا جارہا ہے اور شہری دفاع کا عملہ بے لوث اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

 اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے خالد محمود نواز بھی موجود تھے ۔

وی این ایس ، سکھر