سکھر 24مارچ(اے پی پی)صوبائی حکومت سندھ کی جانب سےکورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور وائرس سے تحفظ کیلئے لوگوں کو سماجی میل ملاپ سے روکنے کیلئے نافذ العمل لاک ڈاﺅن کے دوسرے روز منگل کو بھی سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں مکمل لاک ڈاﺅن رہا، کاروبار زندگی معطل، بازار اور مارکیٹس بند، سڑکیں سنسان رہیں، پولیس و رینجرز کے اہلکاروں کا گشت جاری رہا جبکہ معمولات زندگی کاروباری تجارتی سرگرمیاں بھی مکمل طور پر معطل رہیں۔
شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بازار، مارکیٹ،ہوٹل،ریسٹورنٹس،اور سندھ گورنمنٹ کے دفاتر بند رہے جبکہ روز مرہ کی اشیائے ضرورت، مرغی مچھلی، گوشت اور سبزی منڈی، میڈیکل اسٹور، دودھ و دہی کی دکانیں کھلی رہیں۔ سڑکوں پر سناٹا چھایا رہا تاہم پولیس ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں وقفے وقفے سے گشت کرتی رہیں اور چوراہوں و سڑکوں پر پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات رہے۔ گزشتہ روز کی نسبت منگل کے روز لاک ڈاﺅن کا مکمل اطلاق نظر آیا ، ضروری خریداری کیلئے لوگ نہایت اشد ضرورت کے تحت گھروں سے باہر نکلے، مجموعی طور پر گھروں میں رہے۔
اے پی پی /اطہر اللہ /قرۃالعین