سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں 12.23 ارب روپے لاگت کے 7  منصوبے منظور

193

اسلام آباد، مارچ 03 (اے پی پی): ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت جمعرات کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 12.23 ارب روپے لاگت کے 7  منصوبے منظور ، جبکہ158.230 ارب روپے کی لاگت کے 5  منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے ۔

اجلاس میں توانائی ، ہائر ایجوکیشن ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن اور آبی وسائل  سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں پورٹ قاسم میں 660 میگاواٹ کوئلے کے پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے جوڑنے کے لیے  1315.16 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلاس میں منظور کر لیا گیا ۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں انڈسٹریل بائیوٹیکنالوجی ، نیشنل سنٹر برائے سنوعی حیاتیات اور میٹابولک اور میٹابولک انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے قیام کے لیے  1439.775 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلاس میں منظور کر لیا گیا

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں میں سمارٹ رومز کلاسز متعارف کروانے کے لیے  2330.56 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلاس میں منظور کر لیا گیا ۔

سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلا س میں اسلام آباد ہسپتال ایچ ایم آئی ایس (ہسپتال مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم) اور چلڈرن ہسپتال میں موجودہ نیٹ ورکنگ کی سہولیات میں توسیع کے لیے 59.732 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا ۔

اجلا س میں وزیر اعظم نالج اکانومی ٹاسک فورس اقدامات کے تحت بین الاقوامی اسکالرشپس کے ذریعے ایڈوانس سکل ڈویلپمنٹ (فیز-1) کے لیے 12460 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س نے  حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا ۔

اجلا س میں پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی (PIEET) کے لیے 3281 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا ۔

ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے سے متعلق اجلاس میں پانچ منصوبے پیش کیے گئے جس میں  پہلا منصوبہ نگر شریف سے سنتسار تک سڑک کی تعمیر (54 کلومیٹر) کے لیے 1256.97 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا ۔

دوسرا منصوبہ ڈی جی خان۔ ڈی آئی خان سیکشن کی دہری اور بحالی (208.19 کلومیٹر) کے لیے 53354.46 ملین روپے ، جبکہ راجن پور۔ ڈی جی خان سیکشن کی 4-لین ہائی وے این 55 کی تعمیر کے لیے 33946.672 ملین روپے ، انڈس ہائی وے (این 55) ایڈیشنل کیریج وے پروجیکٹ (شکارپور۔ راجن پور سیکشن) کی تعمیر کے لیے 47512.860 ملین روپے اور گرین لائن بی آر ٹی ایس کو چلانے اور انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کی تنصیب کے لیے 10956.16 ملین روپے کی لاگت پیش کی گئی اجلا س نے چاروں منصوبوں کی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا  ۔

اجلا س میں ٹنڈہ ڈیم ضلع کوہاٹ کے کمانڈ ایریا میں ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کے لیے 2545.55 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلا س میں منظور کرلیا گیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔

وی این ایس ، اسلام آباد