اسلام آباد، 04 مارچ(اے پی پی ): صومالی فضائیہ کے کمانڈر برگیڈئیرجنرل محمد شیخ علی نے بدھ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی ۔
ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے انکا استقبال کیا جبکہ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور تبادلہ ء خیال کیاگیا۔صومالی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی حالیہ عرصے میں جدیدیت اور خود
انحصاری کی کاوشوں کو سراہا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کے مابین بہترین باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے صومالیہ کی فضائیہ کو فوجی تربیت میں بھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔
ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان موجود مثالی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
وی این ایس،اسلام آباد