اسلام آباد؛ 3مارچ(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین سے گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں اور اُن کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین مذہب ، اخوت ، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور آبادکاری کی پرزور مذمت کرتا ہے اور 1967ء سے پہلے جو علاقے فلسطین میں شامل تھے اُنہی پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد جواد رابی سے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں فلسطین اور کشمیر کی صورتحال ، اُمہ کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نا ہی کبھی کرے گااور پاکستان نے ہمیشہ تمام عالمی و علاقائی فورمز پر فلسطین میں ہونے اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اُٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر سمت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا فوری حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطین کی آزادی کی تحریک کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ہرسطح پر فلسطینی عوام کی اخلاقی ، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دروازے اپنے فلسطینی بہن ، بھائیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر فلسطین اور کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اتحاد بین المسلمین پر یقین رکھتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں ملک میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
فلسطین کے سفیر احمد جواد رابی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے فلسطین کے لیے یکجہتی اور خیر سگالی کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطین پاکستان کو اپنا بھائی اور بااعتماد دوست تصو ر کرتا ہےاور پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اور تحریک آزادی فلسطین کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی عوام کی مشکور ہیں ۔انہوں نے بتایا پاکستان نے ہر مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا انتہائی اہم ملک ہے اور اتحاد بین المسلمین کے لیے اس کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اپنے خطاب میں مسلم اُمہ کی بھرپورترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات اور مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیےمسلم ممالک میں اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں بتایا کہ فلسطین کے 50ہزار سے زاہد طلباء پاکستانی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہیں جو فلسطین کی ترقی کے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطین پاکستان کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے مابین روبطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔
وی این ایس اسلام آباد