نئے ضم شدہ اضلاع کے سکولوں کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضم شدہ اضلاع کے تمام خستہ حال سکولوں کی تعمیر پر کام شروع کروایا جائے: صوبائی وزیرتعلیم اکبر ایوب خان

128

 پشاور، 3مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے سکولوں کی تعمیر و ترقی پر ہنگامی صورتحال میں کام شروع کروایا جائے اور ان کے لئے فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ جلد از جلد سکولوں کی تعمیر ممکن ہوسکے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام اضلاع کے ایکسینز اور ایجوکیشن آفیسرز دو دنوں کے اندر اندر اپنے مطالبات کو محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے چیف پلاننگ آفیسر کے ساتھ جمع کروا لیں تاکہ متعلقہ سکیموں کیلئے فنڈز کی ریلیز کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے ضم شدہ اضلاع میں سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے منعقد جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسرمحکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم حشمت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نئے ضم شدہ اضلاع نور عالم خان اور تمام اضلاع کے ایگزیکٹیو انجینئرز اور ایجوکیشن آفیسرز موجود تھے۔

اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ ہر ضلع کا ایکسین اور  ایجوکیشن آفیسر مل کر سکولوں کا معائنہ کریں اور ایک جامعہ رپورٹ بناکر محکمہ کو ارسال کر لیں تاکہ کہ اس کے مطابق سکولوں کی تعمیر کے لیے فنڈز مہیا کئے جا سکے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بہت جلد ان اضلاع کے دورے شروع کروں گا اور اس سلسلے کا آغاز اگلے ہفتے ضلع مہمند کا دورہ کر کے کروں گا تاکہ خود سکولوں کی تعمیر کا معائنہ کر سکوں اور وہاں کے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع کے بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں ہیں اور اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

وی این ایس پشاور

Dowload Video