لاہور، مارچ 3(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت، ترقیاتی پروگرام اوراراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں. وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کی تجاویز خود نوٹ کرتے ہوئے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے موقع پر ہی احکامات جاری کئے. وزیر اعلی نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ان کے علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پہلی بارحقیقی معنوں میں 35فیصد فنڈز مختص کیے ہیں۔ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے مخصوص فنڈکسی اورشہریا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔ مظفر گڑھ میں فلڈ پروٹیکشن بند بنائیں گے۔ وزیر اعلی نے مظفرگڑھ سے علی پوراورعلی پور سے سید پور تک سڑک کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے اور کسی کو میرٹ کی خلاف ورزی کرنے دی ہے،نہ کرنے دوں گا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ آپ نے نہایت تحمل کے ساتھ سب کی بات سنی اورحل کیلئے احکامات بھی دیئے۔ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔
وی این ایس لاہور