وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کالاشاہ کاکو کیمپس میں قائم قرنطینہ مراکز کا دورہ

151

لاہور،25 مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کالاشاہ کاکو کیمپس کا دورہ کیا،دورہ  کے  دوران   انہوں  نے   کالاشاہ کاکو کیمپس میں کورونا مریضوں کیلئے قائم آئسولیشن/قرنطینہ مراکز کا جائزہ بھی لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کالاشاہ کاکو کیمپس میں کورونا مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور کے اولڈ ٹرمینل ایئرپورٹ سے مریضوں کو منتقل کرنے کیلئے 15 اے سی بسوں کا اہتمام کیا گیا ہےجبکہ  کورونا مریضوں کو ٹرمینل پر رجسٹریشن کے بعد قرنطینہ مرکز میں شفٹ کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کالاشاہ کاکو کیمپس میں کنٹرول روم، ایمرجنسی رسپانس سینٹر بھی قائم کیا گیا ہےہنگامی حالت میں مریضوں کی نقل و حمل کیلئے 4 ایمولینسز بھی سینٹر میں موجود ہوں گی ،کالاشاہ کاکو کیمپس میں 10 موٹر سائیکل ایمبولینس بھی موجود ہوں گی جبکہ  آئسولیشن/قرنطینہ میں کورونا مریضوں کیلئے ڈسپنسری اور انفیکشن کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا ہےاور آئسولیشن سینٹر کی سیکورٹی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا  گیا مریضوں کیلئے پورٹیبل، واش روم اور دیگر سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں، کالاشاہ کاکو کیمپس کورونا سینٹر میں 816 مریضوں کو رکھا جا سکے گا۔یو ای ٹی، جی سی یو  اور جوڈیشل کمپلیکس میں 1400 کے لگ بھگ مریض رکھے جاسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ مریضوں کو ان کی طبی صورتحال کے مطابق علیحدہ رکھا جائے گاہر کمرے میں بیڈ، سینٹی ٹائزر، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کالاشاہ کاکو کیمپس قرنطینہ کے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا جبکہ  اس موقع  پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی موجود تھے۔

اے پی پی /لاہور/نورین