وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے صوبے میں کورونا وائرس سے بچاو کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی 

160

پشاور،18مارچ(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا وائرس سے بچاو کے باعث ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

وزیراعلی ہاوس کے لان میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے وزرا کے دفاتر ،سول سیکرٹریٹ ،ہوٹلز ، حجام اور پارلرز کی دکانوں کو بندکرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور کہا کہ مارکیٹیں اور بازار صبح 10 بجے  کھلیں گے اور شام 7 بجے بند کر دیئے جائینگے۔

وزیراعلی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سخت اقدامات کرنے جا رہے ہیں، عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے وزیرصحت اور مشیر اطلاعات کے دفاتر کے علاوہ تمام وزراء کے دفتروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ سول سیکرٹریٹ پشاور سمیت ہوٹلز ، ریسٹورنٹس پارلرز اور حجام کی دکانیں بھی پندرہ دنوں کیلئے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز صبح دس سے شام سات بجے تک کھلے رہیں گے البتہ شہری ریسٹوارنٹس سے کھانا منگوا سکتے ہیں۔ وزیراعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کے ساتھ ہیں، عوام بھی حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ شادی بیاہ کی تقاریب گھروں پر بھی کرنے کی پابندی عائد کردی گئی ہے، بس اڈوں پر ہماری کڑی نظر ہے آئندہ ایک سے دو دن تک اڈوں کو بھی بند کیا جا سکتا ہے۔

 وزیراعلی محمود خان نے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے جو پل پل کی خبر میڈیا کو دیتے رہیں گے۔ شاہ کس ٹریننگ سنٹر کو آئسولیشن میں  تبدیل کر دیا گیا ہے اس موقع پر وزیراعلی کے ساتھ وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور مشیر اطلاعات اجمل وزیر بھی موجود تھے، وزیر صحت نے کہا کہ اب تک صوبے میں 19افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

وی این ایس، پشاور

Download Video