پشاور شہر کو کرونا وائرس سے پاک کرنے کیلئے پی ڈے اے ، ڈبلیو ایس ایس پی کا مشترکہ جراثیم کش سپرے مہم کا ابتداء

247

پشاور، 26مارچ(اے پی پی):پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اور واٹر سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے آج شہر میں مشترکہ جراثیم کش مہم کی ابتداء کی جس کا مقصد پشاور کو کرونا وائرس سے پاک اور شہریوں کو محفوظ بنانا ہے۔

اس مہم کی قیادت سیکٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ  نے کی جبکہ اس دوران جنرل مینیجر آپریشن واٹر سینی ٹیشن سروسز پشاور ریاض خان ، ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج اشراف قادر اور   ڈائریکٹر مشینری حمایت خان اپنے تمام عملے کے ساتھ موجود تھے ۔

اس مہم میں PDA اور WSSP کی  انسداد کورونا کے خصوصی کورین سلوشنز اور جراثیم کش سے لیس بھاری مشینری نے حصہ لیا ۔

یہ مہم  فیز تھری چوک سے شروع ہو کر امن چوک اور پھر واپس فیز تھری چوک پر اختتام پذیر ہوئی جس میں روڈ کے دونوں اطراف کو جراثیم کش اور  کلورین سلوشن کے ذریعے پاک کیا گیا ۔

اس موقع پر سیکٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ حکومتی ادارے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے متحرک ہیں، شہر بھر میں کلورین سلوشن سپرے اور آگاہی مہم جاری ہے لوگ حکومتی احکامات پر عمل کریں تاکہ اس خطرناک وباء پر قابو پایا جا سکے۔

 ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ نے عوام سے درخواست کی  کہ شہری زیادہ میل جول  سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کا آسان طریقہ ہے کہ شہری اپنے گھروں میں رہیں  تاکہ اس خطرناک وباء سے بچا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ  یہ مہم کرونا وائرس کے خاتمے تک جاری رہے گی ۔

ا ے پی پی / صائمہ حیات / حامد