لاہور،30 مارچ (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹرزاورہیلتھ پروفیشنلزکو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیں گے۔پنجاب حکومت انسداد کورونا مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین،ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنلز کے لواحقین کو شہداء پیکیج کے تحت مراعات دے گی۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں امتناع وبائی امراض آرڈیننس نافذ العمل ہوچکا ہے،آرڈیننس کے نفاذ سے انتظامیہ اورمحکمہ صحت کے حکام کو کورونا کنٹرول کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر عملدر آمد میں سہولت ہوگی۔صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے میں کورونا وباء کی تازہ صورتحال، حفاظتی اقدامات اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے اور متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج معالجے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے سول حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ محکمہ صحت کو 12 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ،انتہائی حساس علاقوں کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ متاثرہ مریضوں سے قریبی رابطہ رکھنے والے افراد کو ٹریس کرنے کیلئے ایس او پیز مرتب کر لئے گئے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کیلئے نئی لیبز قائم کر رہے ہیں۔ گندم کی نئی فصل کی کٹائی کا آغاز اپریل میں ہوگا جبکہ پنجاب حکومت نے فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ بھی بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو بھی روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار میٹرک ٹن گندم دے رہے ہیں ،کسانوں سے 1400 روپے من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی جبکہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال،احتیاطی تدابیر اورحفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیااجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ سمیت فوڈ سکیورٹی اور فوڈ سپلائی چین کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان،انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اے پی پی /لاہور /قرۃالعین