پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ملازمین کو اعزازیہ دیا جائے۔سی ڈی اے ایک ماہ کے اندر اندر ای بارہ کے لیے ترقیاتی کام میں رکاوٹیں دور کرے: قائمہ کمیٹی

118

اسلام آباد ،02مارچ (اے پی پی ): پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ملازمین کو اعزازیہ دیا جائے۔ سی ڈی اے ایک ماہ کے اندر اندر E-12 کے لیے ترقیاتی کام میں رکاوٹیں دور کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کے اجلاس میں کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس آج قومی اسمبلی میں چیف وہپ، حکومتی پارٹی  اور مجلس قائمہ کے چیئرمین ملک محمد عامر ڈوگر، ایم این اے کی صدارت میں ہوا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ  نادرا، پی ٹی اے اور آئیسکو نے اپنے اُن ملازمین کو اعزازیہ دے دیا ہے جنہوں نے بجٹ سیشنز کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنی خدمات سرا نجام دی تھیں۔ سی ڈی اے نے بھی چھوٹے ملازمین کو اعزازیہ دے دیا ہے جبکہ افسران کو اعزازیہ دینا ابھی باقی ہے ۔ اسی طرح کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ملازمین کو ابھی تک اعزازیہ نہیں دیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ تمام محکمے اُن ملازمین کو فی الفور اعزازیہ ادا کریں جنہوں نے بجٹ سیشنز کے دوران رات دن ایک کرکے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنی خدمات سر انجام دیں۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ 30 سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور سی ڈی اے نے سیکٹر ای-12 کے لیے سرکاری ملازمین سے ترقیاتی اخراجات بھی لے رکھے ہیں مگر اُن کو ابھی تک قبضہ نہیں دیا گیا۔ مجلس قائمہ کو متعلقہ کی طرف سے بتایا گیا کہ موجودہ حکومت سیکٹر ای-12 کو جلد از جلد ڈویلپ کر کے مالکان کو پلاٹوں کا قبضہ دینا چاہتی ہے ۔ چنانچہ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر اندر جملہ مسائل حل کر کے ترقیاتی کام کی رکاوٹیں دور کی جائیں اور مجلسِ قائمہ کو رپورٹ پیش کی جائے۔  مجلس قائمہ نے نادرا کو ہدایت کی کہ وہ مختلف اداروں اور عدالتوں کے حکم پر بلاک کیے گئے شناختی کارڈوں کی تفصیل مجلسِ قائمہ کو پیش کرے۔ نیز شناختی کارڈ کا حصول شہریوں کے لیے مزیدآسان بنائے۔

مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین  جناب ملک محمد عامر ڈوگر  نے کی، جبکہ ممبران مجلس قائمہ برائے  حکومتی یقین دہانیاں جناب مجاہد علی، جناب شیخ راشد شفیق، جناب سید مبین احمد، جناب خالد حسین خان مگسی، جناب چوہدری ارمغان سُبحانی، جناب عثمان ابراہیم، جناب سید جاوید حسنین، جناب محمد افضل کھوکھر، جناب سید جاوید علی شاہ جیلانی، محترمہ سائرہ بانو  کے علاوہ محترم گل ظفر خان، ایم این اے/محرک، جناب ساجد خان، ایم این اے/محرک محترم گل داد خان، ایم این اے/محرک اور محترم شیر اکبر خان، ایم این اے / محرک کے علاوہ وزیر  مملکت برائے پارلیمانی امور جناب علی محمد خان نے شرکت کی ۔  اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ، پارلیمانی اموراور سیکرٹری، اطلاعات علاوہ کئی اعلیٰ سول افسران نے بھی شرکت کی۔

وی این ایس  اسلام آباد

Download Video