لاہور19مارچ (اے پی پی): صوبے بھر میں کورونا وائرس کے خدشا ت کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور انتظامی معاملات کے تسلسل، اشیاء ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے سلسلے میں اب تک کیے گئے انتظامات پر عمل درآمد کے جائزے کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں اہم اجلاس آج کیمپ آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، آئی جی پنجاب،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ سپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ تمام کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ تمام سول اور پولیس افسران کرونا وائرس جیسی نیشنل ایمرجنسی کے دوران حکومتی احکامات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانو ں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ فارم ہاؤسز میں ہر قسم کی شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پرمکمل پابندی رہے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سندھ سے صرف گڈز ٹرانسپورٹ کے پنجاب میں داخلے کی اجازت ہوگی،دیگر روڈ ٹریفک کے آنے اور جانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ تمام اجلاس ویڈیو لنک، سکائپ کالز اور آن لائن کانفرنس کے ذریعے منعقد ہونگے۔ صرف ضروری سرکاری ملازمین دفتر آ سکیں گے، دیگر سرکاری ملازمین گھروں میں رہ کر سکائپ ایپلیکیشن کے ذریعے آن لائن کام کریں گے۔ عام عوام کے تحفظ کے پیش نظر تمام سرکاری دفاتر میں اُن کے داخلے پر پابندی ہوگی لیکن تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اداروں کے سربراہان دو لینڈ لائن اور ایک موبائل نمبر عوامی رابطے کے لیے مختص کریں گے۔ ان فون نمبرز کی اخبارات میں باقاعدہ تشہر کی جائے گی اور دفاتر کے باہر اور داخلی گیٹ پر بھی آویزاں کیے جائیں گے۔ ٭ اِن نمبروں پر عوامی رابطے کے لیے گریڈ 17 اور18 کے افسران دفتری اوقات میں موجود رہیں گے تاکہ عوام کے مسائل کے حل کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔ تمام سول اور پولیس افسران صوبے میں خریداری کے مراکز، ریسٹورنٹس اور دکانوں کو 10 بجے بند کرنے کے احکاما ت پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام پولیس سٹیشنز میں ایس ایچ اوز کے دفاتر کے باہر عوام کے لیے ڈیسک لگاہیں۔ شکایت کنندگان دفاتر کی بجائے اِن ڈیسکوں پر شکایات درج کروا سکیں گے۔ صوبے بھر میں تمام سیرو تفری ح کے مقامات اورپبلک پارکس تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
وی این ایس لاہور