اسلام آباد(11مارچ2020) ء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے جاپان کے سفیر کونینوری موتسدا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کر گیا ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،۔ انہوں نے کہا کہ اس وباء سے جہاں انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہیں وہاں معیشتوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اس کا مقابلہ کرنے کیلئے مربوط کوششوں اور جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے پاکستان اور جاپان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے رائے دی کہ اقتصادی روابط کومزید مستحکم کرنے کیلئے تجارتی عدم توازن کو کم کیا جائے اور تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی سفارتکاری کو اہم قرار دیا اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور جاپانی سرمایہ کار کا کنی، آٹو موبائل اور ماہی گیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دیا جائے۔ جاپان کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو دوطرفہ تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سینیٹر میرمحمد یوسف بادینی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اے پی پی /سحر/ریحانہ