کرونا وائرس کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا  عام  آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت  کی اولین ترجیح ہے: وزیرِ اعظم  

207

اسلام آباد ، مارچ 16 (اے پی پی): وزیرِ اعظم  عمران خان نے  کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات  اٹھانے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس  میں کہا  ہے  کہ کرونا وائرس کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا، معاشی سرگرمیوں  کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا اور خصوصاً عام آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا  حکومت  کی اولین ترجیح ہے۔

پیر کو ہونے والے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ  کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر عام آدمی کو  ریلیف فراہم    کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور  اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔

 وزیرِ اعظم نے زور دے کر کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور  ناجائزمنافع خوری  کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی شکایت کی صورت میں ذخیرہ اندوزوں کے  خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات اور ان کے نتیجے میں ملکی معیشت کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا – کرونا وائرس کے تناظر میں ملکی معیشت   پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھنے اور پیشگی اقدامات تجویز کرنے کے لئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی قائم کی گیی-  وزیرِ اعظم نے وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کو ہدایت کی کہ ورلڈ بنک و دیگر عالمی اداروں کو انگیج کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیر برائے  اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،  مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد،  مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،  وفاقی سیکریٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران  نے شرکت کی-

وی این ایس اسلام آباد

Download Video