کرک، 25 مارچ(اے پی پی ): کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید جبار شاہ نے ضلع کرک کے احمدی بانڈہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ کورنٹائن ایریا کا دورہ کیا اور پولیس کی جانب سے کورنٹائن ایریا کیلئے فراہم کردہ سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او کرک نوشیر خان مہمند، ڈپٹی کمشنر کرک شاہ رخ علی خان سمیت سرکل ڈی ایس پی، اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ، ریسکیو 1122 کے ضلع عہدیدار سمیت آرمی اور سول انتظامیہ کے افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔
کورنٹائن ایریا میں اپنائے گئے حفاظتی انتظامات پر ڈپٹی کمشنر کرک شاہ رخ علی نے بریفنگ دی جبکہ تمام اقدمات کا جائزہ لے کر بریگیڈیئر شہزاد نے دیگر اہل علاقہ سے مل کر کرونا وائرس کی حساسیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس موذی وباء کو ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے اور اس وقت ہم سب کو مل کر کرونا کو شکست دینا ہے، پاکستان کو محفوظ بنانا ہے۔ بعد ازاں افسران نے تحصیل بانڈہ دفتر میں اہم علاقہ مشران اور علماء کیساتھ ملاقات کرکے کرونا وائرس کے روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر آگاہی بھی دی۔
اے پی پی /کرک/حامد