اسپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر صحت کا باچا خان میڈیکل کمپلیکس، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ

0
141

پشاور،4اپریل (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ  ہفتہ  کو یہاں ضلع صوابی میں قائم باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے  ہسپتالوں میں دی جانیوالی طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات و انتظامات اور کرونا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی ۔

اس موقع پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی  اور صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ  مشکل کی اس گھڑی میں طبی عملہ قومی ہیرو کی طرح خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ پوری قوم کو مل کر کورونا جیسی وبا سے لڑنا ہے اور مشکل کی اس  گھڑی میں اپنے بھائیوں کا ساتھ دینا ہے جبکہ حکومت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عوام احتیاط کریں  ، اسکے علاوہ حفاظتی اقدامات بھی  کیے جا رہے ہیں کیونکہ ہمارے لیے عوام کی جانیں سب سے زیادہ اہم ہیں۔

اے پی پی/صائمہ حیات /قرۃالعین