اسلام آباد،19 اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اتوار کو یہاں اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے مرکز کا دورہ کیا۔س موقع پر انہوں نے مالی امداد کی تقسیم کے عمل اور کورونا وباء کے
سد باب کیلئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اور سنٹر میں موجودمستحق خواتین سے گفتگو بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ اب تک45 ملین مستحق خاندانوں کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت53 بلین روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک کروڑ بیس لاکھ مستحق خاندانوں میں مالی امداد تقسیم کی جائے گی۔احساس ایمرجنسی کیش امداد کی تقسیم کا عمل رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔پروگرام کے تحت ملک بھر میں مالی امداد کی تقسیم کے لئے 17,000 سنٹرز قائم کئے جائیں گے جن میں سے 9,419 مراکز قائم کئے جا چکے ہیں ۔
احساس ایمرجنسی کیش سنٹر ز میں مالی امداد وصول کرنے آنے والوں کے لئے کرونا سے بچاؤ کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گے ہیں جن میں سینٹر کو
ڈس انفیکٹ کرنا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا شامل ہے۔
احساس ایمرجنسی کیش میں رجسٹریشن کے لئے ایس ایم ایس سروس 19 اپریل رات 12 بجے تک جاری رہے گی ۔
اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین