اشیائے خوردونوش کی غیر قانونی نقل وحمل کی مکمل روک تھام ، موجودہ صورتحال کا اہم تقاضا اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ وزیر اعلیٰ محمود خان

127

پشاور،21 اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اشیائے خوردونوش کی غیر قانونی نقل وحمل کی مکمل روک تھام کو موجودہ صورتحال کا اہم تقاضا اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ  اشیائے خوردونوش کی نقل وحمل کی سو فیصد روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے افعانستان کو جانے والی غیر روایتی راستوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اشیائے خوردونوش کی سرحد پار غیر قانونی نقل وحمل کی مکمل روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے اعلی سطحی اجلاس  کی صدارت کرتے  ہوئے کیا ،اجلاس میں غیر روایتی راستوں سے اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضرورت کی غیر قانونی طریقے سے افغانستان نقل وحمل کو روکنے سے متعلق مختلف اُمور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

مختلف اُمور پر تفصیلی گفتگو کے بعد سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر ایک قابل عمل اور جامع حکمت عملی ترتیب دے کر پیش کرے گی۔ ٹاسک فورس میں تمام متعلقہ سول و وعسکری اداروں اور محکموں کی نمائندگی ہوگی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے  ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی سرحد پار غیر قانونی نقل وحمل کی موثر روک تھام کے لئے وفاق کے ساتھ جڑے مسائل کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے معاملہ وفاقی سطح پر اٹھا یا جاسکے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز اور انسپکٹر جنرل پولیس ثناءاللہ عباسی سمیت  متعلقہ اعلی سول اور عسکری حکام ، انٹیلی جنس اداروں، کسٹمز اور محکمہ خوراک کے حکام نے شرکت کی۔

اے پی پی /صائمہ/قرۃالعین