خواجہ سرا مہین محمد کیئے/ تعلیمی اخراجات کا معاملہ، وزیر اعظم کے نوٹس پر پاکستان بیت المال نے تعلیمی وظیفہ جاری کردیا

284

اسلام آباد،23اپریل(اے پی پی):سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان سے تعلیم کے لئے مدد کی درخواست کرنے والے خواجہ سراء مہین محمد  کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کردی گئی۔ مہین محمد  ڈولفن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سے انجینئرنگ کرنا چاہتی ہے۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے آج مہین محمد کو تعلیمی وظیفے کا چیک دیتے ہوۓ کہا کہ کسی بھی پبلک یونیورسٹی سے  مہین محمد کے تعلیمی اخراجات پاکستان بیت المال  برداشت کرے گا۔وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں انسانوں میں  تفریق نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سراء معاشرے میں سب سے زیادہ نظر انداز طبقہ ہے جسکی فلاح و بہبود اور تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان بیت المال بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب ، ذات و پات اور  جنس مستحق افراد کی خدمت میں دن رات کوشاں ہے۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال کا کہناتھا کہ مہین محمد  ملک بھر میں موجود دیگر خواجہ سراوں کے لئے بہترین مثال بن کر سامنے آئیں گی۔ تعلیم سے خواجہ سراوں کو معاشرے میں باعزت اور منفرد مقام حاصل ہوگا اور  باعزت روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کی عزت و نفس کا خیال کرتے ہوئے انکی مدد کرنا پاکستان بیت المال کا فرض ہے۔

اے پی پی/حمزہ/حامد